بواسیر کے مریض کے وضو اور نماز کا طریقہ اور حکم
بواسیر کے مریض کے وضو اور نماز کا طریقہ اور حکم
سوال
مجھے بواسیر کا مسئلہ درپیش ہے، میرے پاخانے والی جگہ سے فضلہ نکلتا ہے اور مجھے پتا تک نہیں چلتا ہے، میرا دوسرا دن ہے، میں اس میں عشاء اور تراویح کی نماز پڑھ لیتا ہوں۔ اب میرے لیے کیا حکم ہے؟
جواب
اگر آپ کوبواسیر کا عارضہ اس طور پر لاحق ہے کہ خون یا رطوبت مسلسل خارج ہوتی رہتی ہے تو اس عذر کے لاحق ہونے کی صورت میں آپ پر شرعًا ’’معذور‘‘ کے احکام لاگو ہونے کے لیے شرط یہ ہے کہ کسی ایک نماز کا مکمل وقت اس حالت میں گزرے کہ وضو کرکے اس وقت کی فرض نماز پڑھنے کا وقت بھی اس عذر کے بغیر نہ ملے، اگر کسی بھی ایک نماز کا مکمل وقت اس کیفیت کے ساتھ گزر جائے تو آپ شرعًا معذور کہلائیں گے، اس کے بعد ہر نماز کے وقت میں اگر ایک مرتبہ بھی یہ عذر پایا جائے تو آپ ’’معذور‘‘ کے حکم میں ہی رہیں گے، لیکن اگر کسی نماز کا مکمل وقت اس عذر کے بغیر گزر جائے تو پھر آپ شرعًا ’’معذور‘‘ کے حکم میں نہیں رہیں گے۔ لہٰذا اگربواسیر کی وجہ سے پاخانے کے راستے سے رطوبت یا فضلہ وغیرہ کسی ایک نماز کے مکمل وقت میں اس تسلسل سے آیا ہے کہ درمیان میں اتنا وقفہ بھی نہیں ملتا کہ ایک وقت کی فرض نماز ادا کر سکیں اور اس کے بعد ہر نماز کے وقت میں کم از کم ایک مرتبہ یہ عذر لاحق ہوتا ہے تو اس صورت میں آپ معذورین میں شامل ہیں، جن کا حکم یہ ہے کہ ہر فرض نماز کے وقت وضو کرلیا کریں اور پھر اس وضو سے اس ایک وقت میں جتنے چاہیں فرائض اور نوافل ادا کریں اور تلاوتِ قرآن کریم کرلیں (اس ایک وقت کے اندر آپ پاک ہی رہیں گے بشرطیکہ وضو توڑنے کا کوئی اور سبب نہ پایاجائے) یہاں تک کہ وقت ختم ہوجائے، یعنی جیسے ہی اس فرض نماز کا وقت ختم ہوگا تو آپ کا وضو بھی ختم ہوجائے گا اور پھر اگلی نماز کے لیے دوبارہ وضو کرنا ہوگا، چنانچہ عشاء کا وقت داخل ہونے کے بعد اگر آپ وضو کرلیں تو اس وضو سے عشاء کی نماز کے ساتھ ساتھ مکمل تراویح کی نماز بھی پڑھ سکتے ہیں بشرطیکہ اس کے علاوہ کوئی اور وضو ٹوٹنے والی چیز صادر نہ ہوئی ہو۔
اور اگر یہ رطوبت یا فضلہ وغیرہ کپڑوں پر لگ جائے تو اس صورت میں یہ دیکھا جائے گا کہ وہ کس تسلسل سے نکل رہاہے، اگر اتنا بھی وقت نہ ملے کہ فرض نماز شروع کرنے سے پہلے کپڑے کو دھونے کے باوجود دورانِ نماز وہ نجاست اسی طرح کپڑوں پر دوبارہ لگ جائے گی تو اس صورت میں آپ پر اس نجاست کا دھونا واجب نہ ہوگا، اگرچہ یہ قطرے مقدارِ درہم سے تجاوزکرجائیں اور اگر آپ کو یہ گمان ہے کہ شرم گاہ سے نکلنے والی نجاست کو دھونے کے بعد دورانِ نماز مزید نہیں نکلے گی تو اس صورت میں اس کا دھونا واجب ہوگا۔
اور اگر بواسیر کا مرض اس حالت تک نہ پہنچا ہو یعنی ایک نماز کا مکمل وقت اس طرح نہ گزرا ہو جس میں خون یا رطوبت مسلسل خارج ہونے کی وجہ سے وضو کرکے اس وقت کی فرض نماز پڑھنے کا وقت بھی اس عذر کے بغیر نہ ملا ہو تو آپ شرعًا ’’معذور‘‘ نہیں کہلائیں گے، یعنی نماز درست ہونے کے لیے مکمل طہارت ضروری ہوگی، وضو کے بعد اگر رطوبت خارج ہوجائے تو وضو باقی نہیں رہے گا، بلکہ فاسد ہوجائے گا، جس کی وجہ سے استنجا کے بعد دوبارہ وضو کرنا ضروری ہوگا، تاہم جب تک حقیقتاً نجاست کا خروج نہ ہو محض شک کی وجہ سے وضو فاسد قرار نہیں دیا جائے گا۔
0 comments: